ایک لاکھ والا موبائل فون اب 65 ہزار میں ملے گا،آئی فون 14 بھی سستا ہوگیا

اسلام آباد:موبائل فونز صارفین کے لئے بڑی خوشخبری قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی ہے۔موبائل فونز کی قیمتوں میں تیس فیصد سے زائد کی کمی سامنے آئی ہے۔ مقامی موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ آئی فون 14 کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ہے ۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے مقامی موبائل فونز کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ مقامی کمپنیوں نے موبائل فون کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک کمی کردی ہے۔ اس سے مقامی سطح پر تیار ہونے ہونے والے فونز کی قیمتوں میں 3 سے 18 ہزار روپے کی کمی ہو گئی ہے ۔ ڈیلرز کا کہنا ہے درآمد شدہ فونز کی قدر وقیمت میں کمی کے باعث موبائل فونز کی قیمتیں کم ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق موبائل مارکیٹوں میں 1لاکھ روپے والا موبائل فون 65 ہزار روپے کا ہوگیا، 64 ہزار روپے لاگت والا موبائل 50 ہزار روپے، اور 50 ہزار روپے والا سمارٹ فون 35 سے 38 ہزار روپے کا ہوگیاہے ۔
الیکٹرونک مارکیٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے مقامی موبائل فونز کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں بننے والے موبائل پر نہ تو درآمد شدہ فونز کی طرح ڈالرز خرچ ہوتے ہیں اور نہ ہی کوئی ڈیوٹی دینی پڑتی ہے۔ موبائل فون صارفین کے پاس اب یہ آپشن موجود ہے کہ وہ درآمد شدہ فون کے علاوہ پاکستان میں مقامی سطح پر بننے والا سستا فون بھی خرید سکتے ہیں۔
دوسری طرف ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کی جانب سے آئی فون 14 کے مختلف ماڈلز کی کسٹم ویلیو میں کمی کر دی گئی ہے۔ جس سے وہ سستے ہو گئے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے مختلف استعمال شدہ اور تجدید شدہ موبائل فونز کے لیے کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی کرتے ہوئے بھاری کمی کر دی ہے ،اس میں خاص طور پر ایپل آئی فون کے 14 پلس کی مختلف ماڈلز پر توجہ دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق128 جی بی ایپل آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو کم کر کے 774 ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 910 ڈالر تھی جس میں واضح کمی لائی گئی ہے ۔
256 جی بی آئی فون 14 پلس پر عائد ہونے والی کسٹم ویلیو کم کرتے ہوئے 859 ڈالر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل ایک ہزار 10 ڈالر وصول کی جارہی تھی۔
512 جی بی ایپل آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو 1210 ڈالر سے کم کرتے ہوئے ایک ہزار 29 ڈالر مقر ر کر دی گئی ہے ۔ یہ اقدام ملک میں موبائل فون کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ کسٹم ویلیو کو ہم آہنگ کرنے کی جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ان کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی کا فیصلہ مختلف مارکیٹوں کے باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کیا گیا تاکہ ملک میں موبائل فون ڈیوائسز کی موجودہ قیمتوں کی زیادہ درست عکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا ۔
، اس بھاری کمی کو صارفین کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جارہاہے ۔
موبائل فونز صارفین کیلئے خوشخبری قیمتوں میں نمایاں کمی،آئی فون بھی سستے



