30کروڑ کا تنازع پراپرٹی ڈیلر نے خودکشی کر لی

خودکشی کرنے والے ارشد جمال کی سی سی ٹیوی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے
ارشد جمال کا شیخ طیب کے ساتھ 30کروڑ روپے کے لین دین کا جھگڑا چل رہا تھا


راولپنڈی:راولپنڈی میں 30کروڑ روپے کے تنازع پر باریش ارشد جمال نامی پراپرٹی ڈیلر نے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ارشد جمال نامی یہ شخص ایک دفتر میں صوفے پر بیٹھا ہوتا ہے۔وہ دفتر میں موجود ایک اور شخص سے مختصر گفتگو کرتاہے اور اسی دوران اپنے بیگ سے پستول نکال کر اپنی کنپٹی پر گولی مار لیتا ہے۔ یہ صورتحال دیکھ کر دفتر میں موجود دوسرا شخص گھبرا کر باہر نکل جاتا ہے۔ باہر نکل جانے والے اس آدمی کی شناخت شیخ طیب کے نام سے بتائی گئی ہے، جس کے ساتھ ارشد جمال کا 30کروڑ روپے کے لین دین کا جھگڑا چل رہا تھا۔
ایس ایچ او روات کی طرف سے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ارشد جمال کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے اور ارشد جمال کے بھتیجے کے مدعیت میں ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔