آپ نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی، آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں۔ ہمیں آپ پرفخرہے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا اور شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی عملداری کے لئے آپ نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی، آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر ناز ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و عامہ یقینی بنانے پر آپ کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔



