فائز عیسی برطانوی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب

وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں ،تقریب میں شرکت کے لئے اہلیہ کے ہمراہ روانہ
نہ صرف قاضی فائز عیسٰی نے اس درسگاہ سے تعلیم حاصل کی بلکہ ان کے والد قاضی عیسی بھی مڈل ٹیمپل ہی کے گریجویٹ تھے

اسلام آباد :سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں انکے اعزاز منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔ سابق چیف جسٹس اپنی اہلیہ کے ہمراہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے ،قاضی فائز عیسی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی شخصیت ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو اس سال مئی میں تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ قاضی فائز عیسی نے اسی عظیم قانونی درسگاہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی اور ان کے والد قاضی عیسی بھی مڈل ٹیمپل کے گریجویٹ تھے۔
قاضی فائز عیسی نے مڈل ٹیمپل کی انتظامیہ کو لکھا تھا کہ وہ 25 اکتوبر کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ہی شرکت کر سکتے ہیں جس پر ان کے اعزاز میں تقریب کی تاریخ 29 اکتوبر مقرر کی گئی۔
یاد رہے کہ مڈل ٹیمپل لندن کی چار تاریخی اور معتبر قانونی اداروں میں سے ایک ہے جنہیں Inns of Court کہا جاتا ہے۔