سرکاری ملازمین کیخلاف حکومتی فیصلے نامنظور عوامی اور عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ

عدم شنوائی کی صورت میں تمام لیبر یونینز اور ایسوسی ایشنز مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کریں گی،تحریک تحفظ سرکاری ملازمین

اسلام آباد:تحریک تحفظ سرکاری ملازمین اور لیبر یونیز ، لیبر ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس جاوید انتظار کی زیر قیادت جی۔سیون مرکز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کے خلاف فیصلوں اور اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا گیا۔ چئیرمین تحریک تحفظ سرکاری ملازمین جاوید انتظار نے اجلاس کا اعلامیہ جاری کرتے مختلف سرکاری محکموں کی لیبر لیڈرز کی آٹھ رکنی مرکزی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا۔ کمیٹی میں سی ڈی اے کے اظہر خان تنولی، چودھری زاہد، ایجوکیشن نان ٹیچنگ ایسوسی ایشن سے سردار صدیق، صداقت عباسی ،پوسٹ آفس سے راجہ بلال ،قادر جٹ،پی ڈبلیو ڈی سے سید ذیشان شاہ ،سی ڈی اے ڈوگر گروپ سے راجہ غلام مرتضی، اور سیںنئر لیبر لیڈر طارق محمود چودھری کو نامزد کر دیا گیا۔ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی عمران مغل نے بھی کمیٹی سے مشاورٹ کے بعد بھر شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ میں سرکاری ملازمین کے حوالے سے حکومتی فیصلوں کے خلاف عوامی اور عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن سرکاری ملازمین کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تحریری دستاویزات حاصل کی جائیں گی۔ سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا جائے گا۔سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مذاکراتی کمیٹی ملکر اپنے اصولی موقف سے آگاہ کرے گی ۔ عدم شنوائی کی صورت میں تمام لیبر یونینز اور ایسوسی ایشنز مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت اور سرکاری محکموں میں فاصلہ بڑھ چکا ہے۔ جس کا سیاسی خمیازہ حکومت کو بری طرح بھگتنا پڑے گا۔ حکومت بچت کے نام پر اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے دباو میں آکر سرکای ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہے۔ جو کسی صورت ناقابل قبول ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رابطہ سیکرٹری تحریک تحفظ سرکاری ملازمین راجہ عمران بگا نے کہا کہ 20 نومبر بروز بدھ بمقام جی۔سیون مرکز بوقت شام پانچ منعقد ہونے والے اجلاس میں دیگر سرکاری محکموں کی قیادت کو مدعو کریں گے۔ تحریک تحفظ سرکاری ملازمین سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر سرکاری محکموں کی یونینز اور ایسوسی ایشن سے ملکر اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن معرکہ لڑے گی۔ مارو یا مر جاو ،تنگ آمد بجنگ آمد کی طرز پر میدان عمل میں نکلے گی۔
ریڈیو پاکستان کے لیبر لیڈر محمد اعجاز،سی ڈی اے لیبر لیڈر اظہر خان تنولی اور دیگر قائدین نے کہا کہ مشترکہ جدوجہد نہ کی گئی تو سرکاری ملازمین اور لیبر یونیز کو ٹھکیداری نظام کے حوالے کر کے تباہ و برباد کر دیا جائے گا۔ اب کوئی چھوٹا بڑا لیڈر نہیں ۔ اب سب نے کارکن بنکر نکلنا ہے۔ اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کو کرپشن کے نام پر ختم کرنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ سی ڈی اے کے ارباب اختیار کی کرپشن کو بے نقاپ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کرپشن بڑے عہدوں پر فائز لوگ کرتے ہیں ۔قربانی کا بکرا چھوٹے ملازمین کو بنایا جاتا ہے۔ اس موقع پر غلام رسول جانی بھی موجود تھے۔ طارق محمود چودھری،راجہ غلام مرتضی ،سید ذیشان شاہ،راجہ بلال،سردار صدیق ،قادر جٹ ،صداقت عباسی و دیگر نے کہا کہ اپنے اور اپنے بچوں کے روزگار اور تعلیم کو بچانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سرکاری محکموں کی لیبر لیڈرشپ کو سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی فیصلہ کن جنگ لڑنے کے لئے ساتھ جوڑیں گے۔