چھ سالہ لے پالک بیٹی کو بیدردی سے قتل کرنے والے ماں باپ گرفتار

، راولپنڈی پولیس نے تفتیش کی تو حیران کن انکشافات نے اہلکاروں کے 14 طبق روشن کر دیئے
ظالم میاں بیوی نے چھ سالہ بھتیجی کو انتہائی بے دردی سے قتل کر کے لاش دفنا دی،دونوں بچی پر تشدد بھی کرتے تھے


راولپنڈی :راولپنڈی میں پولیس نے ایک ایسے قاتل میاں بیوی کو گرفتار کیا ہے ۔جنہوں نے اپنی بھتیجی کو جو انہوں نے گود لے رکھی تھی انتہائی بے دردی سے قتل کر دیا ہے۔ ایئر پورٹ پولیس نے 6 سالہ معصوم بچی کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل اور شواہد چھپانے کے الزام میں میاں بیوی کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان میں مقتولہ بچی کا سگا چچا دلدار شاہ اورچچی سمرا بی بی شامل ہیں، ملزم دلدار شاہ نے چھ سالہ آمنہ کو اپنے بھائی سے گود لے رکھا تھا، ملزمہ سمرا نے معصوم آمنہ کو تشدد کرکے قتل کیا،ملزم دلدار نے چالاکی سے پہلے بچی کودفنا دیااوربعد ازاں اپنی بیوی پر مقدمہ درج کروایا، ملزمان کی منصوبہ بندی یہ تھی کہ مقدمہ درج کروانے کے کچھ عرصہ بعدملزم دلدار بطور مدعی ملزمہ سمرا بی بی کو معاف کردے گا۔
پولیس نے مشکو ک حالات کے پیش نظرملزمہ سمرا کو گرفتار کرکے تفتیش کے دائرے کوآگے بڑھایا، قانون کے مطابق قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کروایا گیا، پوسٹ مارٹم میں تشدد کے شواہدسامنے آئے،تفتیش کے دوران ملزمان نے اکثر معصوم بچی پر تشدد کا انکشاف کیا، ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ گرم چمٹے سے بھی مقتولہ کے جسم پر تشددکرتی تھی، پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے مقتولہ بچی کے سگے چچا دلدار شاہ کو بھی گرفتارکرلیا، دونوں ملزمان کو گرفتارکرکے میرٹ پر تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کیساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔