چین کے علاقے تبت میں 6.8 شدت کے زلزلے سے عمارتیں تباہ، سینکٹروں زخمی
منفی دس درجہ حرارت سخت سردی کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے

تبت: چین کے علاقہ تبت صبح صبح زلزلے سے لرز اٹھا، 6.8 شدت کے زلزلہ سے 32 افراد ہلاک جبکہ سینکٹروں زخمی ہوگئے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت نازک ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آنے والے زلزلے میں اکثر عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ زلزلے کے جھٹکے نیپال، انڈیا اور بھوٹان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز تینگری کا دیہی علاقہ ہے جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔ تینگری کے علاقے سے ہی گزر کر مانٹ ایورسٹ کو بھی راستہ جاتا ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تبت میں اکثر گھر تباہ ہو گئے ہیں اور ہر طرف ملبہ پڑا ہوا ہے۔سی سی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے مرکزی مقام کے قریبی علاقوں میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔سرکاری ایجنسی ژنوا کا کہنا ہے کہ مقامی حکام مختلف علاقوں میں پہنچ رہے ہیں تاکہ زلزلے کی شدت اور اس سے ہونے والی تباہی کا اندازہ لگایا جا سکے۔چین کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تینگری میں اس وقت درجہ حرارت منفی 8 ہے جو شام کو مزید کم ہو کر منفی 18 تک پہنچ جائے گا۔شدید سردی کے باعث امدادی کاموں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔




