آئی ایم ایف سے 1 سے ڈیڑھ ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے حصول کا پلان؛ مذاکرات جاری

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے 1 سے ڈیڑھ ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے حصول کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے آئی ایم ایف کی تکنیکی ٹیم اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مسائل و اقدامات، ڈیزاسٹر رسک اسٹریٹجی، فضائی اور آبی آلودگی کی روک تھام پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں گرین بلڈنگ کوڈز لاگو کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔بریفنگ میں آئی ایم ایف کی تکنیکی ٹیم کو بتایا گیا کہ پاکستان کلائمیٹ چینج سے متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے اور مزید نقصان کا خدشہ جس سے بچنے کے لئے سال 2030 تک بھاری سرمایہ کاری درکار ہے۔
آئی ایم ایف کو وفاق اور صوبوں کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کےلئے روابط پر بھی بریفنگ دی گئی اور نئے منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے فنڈز رکھنے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی۔گرین بجٹنگ کی ٹیگنگ، ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وفد مذاکرات کے بعد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اقدامات پر رپورٹ مرتب کرے گا۔