
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف اور محمد شریف کی بیوہ شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں۔مرحومہ کی عمر 94 سال کے قریب تھی اور وہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں۔مسلم لیگ ن نے ان کے انتقال کے باعث سیاسی سرگرمیاں ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی قائد کی والدہ شمیم اختر(آپی جی)کی تدفین تک پارٹی کی تمام سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی پارٹی قائد نواز شریف، پارٹی صدر شہباز شریف کی والدہ اور مریم نواز کی دادی کے درجات بلند فرمائے۔مریم اورنگزیب نے پارٹی قیادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شفقت، سرپرستی کا گھنا سایہ اب ہمارے سر پر نہیں رہا۔ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اللہ کریم شریف خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔مسلم لیگ ن نے شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کے لئے درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دادی کے انتقال کے باعث مریم نوازشریف نے پشاور کے جلسے میں خطاب نہ کیا انہوں نے سٹیج پر آکر شرکاء کو بتایا کہ ان کی دادی انتقال کر گئی ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی دادی کی مغفرت کے لئے دعا کریں۔



