ایران و عراق زائرین کی سہولت و سکیورٹی کے لیے اہم فیصلے

ایران کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی۔ اربعین پر عراق کے لئے 107 خصوصی پروازوں کا انتظام
مستقبل میں زائرین کو مزید بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے فیری سروس بھی شروع کئے جانے کا امکان
یکم جنوری سے زائرین صرف گروپ آرگنائزرز سسٹم کے تحت زیارات کیلئے جا سکیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ
وزیر اعظم کی ہدایت پر ایران و عراق جانے والے زائرین کے ایشوز کے حل کیلئے قائم خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیر اعظم کی ہدایت پر ایران و عراق جانے والے زائرین کے ایشوز کے حل کیلئے قائم خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا۔ چئیرمین ٹاسک فورس وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ ٹاسک فورس کے اجلاس میں زائرین کی سہولت و سکیورٹی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کو سول ایوی ایشن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی جبکہ اربعین پر عراق کے لئے 107 خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے پروازوں کی تعداد مزید بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستقبل میں زائرین کو مزید بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے فیری سروس کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عاشورہ کے بعد اربعین کے لئے سکیورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لے کر زائرین کے زمینی راستے سے سفر سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر زائرین کو کسی بھی قسم کی مشکل یا پریشانی سے محفوظ رکھنا ترجیح ہے، زائرین کی حفاظت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے سال یکم جنوری سے زائرین گروپ آرگنائزرز کا نیا سسٹم لاگو ہو گا جبکہ سالار سسٹم کو مکمل طور منقطع کر دیا جائے گا، یکم جنوری 2026 سے زائرین صرف گروپ آرگنائزرز سسٹم کے تحت زیارات کیلئے جا سکیں گے۔ ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے اور متعلقہ ادارے زائرین کی آڑ میں عراق جانے والے غیر قانونی افراد کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ زائرین گروپ آرگنائزرز کے رجسٹریشن کے لیے اب تک 1413 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور درخواستوں کی جانچ پڑتال اور سکروٹنی کا عمل جاری ہے ۔
سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مذہبی امور، وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ خارجہ کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی سول ایوی ایشن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی بلوچستان، کمشنر کوئٹہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔