بھارت شرکت کرے یا نہ کرے، ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا،نجم سیٹھی

لاہور…نورالعارفین

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے بارے کچھ کہا نہیں جاسکتا، ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں ہی کھیلا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور لیجنڈ عبدالحفیظ کاردار کے نام سے منسوب سکول کرکٹ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریبت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو دو ٹوک الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہاکہ بھارت ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت کرے یا نہ کرے، کپ پاکستان میں ہی ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھارت کے خلاف طے شدہ باہمی سیریز اور کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دینا مناسب نہ سمجھا، وہ مزید جوابات کی ذمہ داری سابق وکٹ کیپر بلے باز ہارون رشید کو سونپتے ہوئے روانہ ہو گئے۔ ہارون رشید کا کہنا تھاکہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ گیارہ سے ستائیس نومبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔