عمران فاروق قتل کیس میں گرفتا ر خالد شمیم کی اہلیہ بینا خالد کی دہائی

ایم کیوایم راہنماعمران فاروق قتل کیس میں افغان چمن بارڈرسے گرفتا ر ہونے والے کراچی کے خالد شمیم کی اہلیہ بینا خالد نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل انکے خاوند کی صحت روز بروز گرتی جارہی ہے ، ایک ٹانگ پر فالج پڑ چکاہے جبکہ دوسری ٹانگ بھی متاثر ہوچکی ہے ، کمرکے مہرے بھی ٹھیک کام نہیں کررہے ، جس کی وجہ سے ان کا جسم خم ہوچکاہے ، خاوند کی زندگی کے لیے انصاف کی بنیاد پر بھیک چاہتی ہوں ، ہر 15دن بعد خاوند کی پیشی کے لیے کراچی سے اسلام آباد آنے جانے ، وکیل کے انتظام کرنے اور دیگر لوازمات پورے کرنے کے دوران پہلے طلائی زیورات ،پھر گھرکی اشیاء اور پھر گھرسمیت ہر ملکیتی چیز بک چکی ہے ، کوڑ ی کومحتاج ، بیٹے کی تعلیم ومستقبل دائو پر لگ چکاہے ، خدارا ہمارے حال پر رحم کیاجائے ۔گذشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی ، خاوند سے ملاقات کے لیے آنے والی بینا خالد شمیم پریس کلب راولپنڈی میں میڈیاسے ٹاک کے دوران زورقطار سے روپڑی اور دہائی دی کہ میں چیف جسٹس آف پاکستان ، آرمی چیف اور اقتدار میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں کے لیے ہاتھ جوڑتی ہوں ، پائوں پکڑ کر التجاکرتی ہوں کہ میرے خاوند کے ساتھ انصاف کیاجائے ، بینا خالد شیمم نے انکشاف کیاکہ اسکے خاوند کو 6جنوری 2011کو کراچی سے اس وقت حراست میں لیاگیاجب وہ میرے ساتھ بیٹے کو اے پی ایس سکول چھوڑ کر اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے لگے تھے ، پہلے تو پتہ نہیں چلاکہ وہ کدھر ہیں پھر 18جون 2015کو بتایاگیاکہ وہ افغان چمن بارڈر سے گرفتار کر لیے گئے ہیں ، خاوند پر عمران فاروق قتل میں سہولت کار ہونے کا الزام ہے ، محکمہ واٹربورڈکراچی میں گریڈ 18میں ملازم میرے خاوند کی تنخواہ بھی بند کردی گئی ، عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جارہی ،خاوند کو آذادی اور انصاف دلوانے کے لیے کراچی سے آتی ہوں اب تو گھر سمیت ہر چیز بک چکی ہے ،کچھ پاس نہیں بچا، سات سال سے خاوند سے دور ہوں ، پریپ میں پڑھنے والا معصوم بیٹااب ساتویں میں پہنچ چکاہے ، ہر روز خاوند کی راہ دیکھتی ہوں ، کوئی پرسان حال نہیں والدین اور بھائی روٹی دیتے ہیں تو سانس کی ڈوری ٹوٹی نہیں ، 26/26گھنٹے طویل سفر کرکے آتی ہوں ، جیل عملے سے کوئی شکایت نہیں،نہ انھوں نے کوئی ظلم وستم کیاہے مگر خاوند کی صحت گر رہی ہے ، تقریبا معذور ہوگئے ہیں، آج تک فرد جرم عائد نہیں ہو ئی ،کیس مسلسل تاخیر کا شکار ہے، وزیرداخلہ نے بھی جلد ٹرائل کا کہا تھا سپریم کورٹ سے بھی التجا ہے کہ خدارا رحم کرے اگر ان کیمرا ٹرائل کر نا ہے تو شروع کروائیںعمران فاروق قتل کیس سے تعلق جوڑنے کے باوجود آج تک کوئی ثبوت سا منے نہیں ہو سکا ،قتل لندن میں ہوا خاوند کی گرفتاری کراچی میں ہوئی اور کیس اسلام آباد میں درج ہوا کراچی میں گرفتاری تھی تو کیس کراچی میں چلایا جا ئے وہاں بھی ایف آئی اے ہے، سپریم کورٹ اے اپیل ہے کہ وہ نوٹس لے آرمی چیف کو بھی رمضان المبارک میں درخواست کے ذریعہ خاوند کو معاف کرنے کی اپیل کی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔