نیب کی ایئر پورٹ پر نواز شریف کے استقبال کی تیاری مکمل

نیب نے اسلام آباد ایئرپورٹ پرسابق وزیراعظم نواز شریف کے ’استقبال‘ کی تیاری کرلی ۔

دس رکنی نیب ٹیم کو نواز شریف کے طیارے تک رسائی مل گئی، نیب کی ٹیم نواز شریف سے احتساب عدالت کے سمن کی تعمیل کرائے گی ۔

نیب کے خط کے مطابق نواز شریف کل صبح تقریباً 9بجے اسلام آباد پہنچیں گے،راولپنڈی اور لاہور نیب کی10رکنی ٹیم ان کے استقبال کے لیے تیار ہے جو ان کی برطانیہ سے وطن واپسی پر ان سے اسلام آباد ائیر پورٹ پرمل کر احتساب عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے طلبی کے سمن کی تعمیل کرائے گی۔

دستاویز کے مطابق نیب نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے چیف سیکیورٹی افسر کو خط لکھا ہے کہ نیب ٹیم کو نواز شریف کے طیارے تک رسائی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے نیب کو اس ضمن میں معاونت کی یقین دہانی کرادی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وطن واپسی پر نیب کی ٹیم طیارے سے نکلتے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے احتساب عدالت کے سمن کی تعمیل کرائے گی۔

احتساب عدالت نے 26 اکتوبر کونواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور 3 نومبر کو انہیں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب نیب کی جانب سے نواز شریف کے طیارے تک رسائی مانگنے سے متعلق سوال پر سابق وزیر اعظم کا لندن میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا ہے کہ ایسی چیزیں بہت بھگت رکھی ہیں۔