کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر اقبال چوہدری کی مبارکباد، تقرری کو تجربے اور خدمات کا اعتراف قرار دیا

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) او آئی سی کامسٹیک کے سینئر ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعید باہ کو جدہ، سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل کے کابینہ آفس میں ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کی تقرری نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل اسماعیل بن الشیخ احمد نے کی ہے۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروفیسر ڈاکٹر احمد سعید باہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ او آئی سی میں اس اہم عہدے پر ڈاکٹر باہ کی تقرری ان کے وسیع تجربے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلم دنیا کے لیے طویل خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ولد باہ اپنے تجربے، دانش اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے او آئی سی کو مزید مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر احمد سعید بن باہ کا تعلق موریطانیہ سے ہے اور وہ معروف ماہرِ تعلیم اور بین الاقوامی ترقی کے شعبے کے تجربہ کار پیشہ ور ہیں۔ انہوں نے تقریباً تین دہائیوں تک آئیسیسکو (ICESCO) میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں اور حالیہ عرصے میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ موریطانیہ کی چنگیٹی ماڈرن یونیورسٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
تعلیم، سائنس، ثقافت، سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون میں وسیع تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر ولد باہ نے او آئی سی خطے میں ادارہ جاتی اور علمی روابط کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔



