
اسلام آباد …. وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے انسانی حقوق اور مذہبی آزادی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بغیر معاشرہ میں امن و انصاف قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے یہ بات عقیدے اور مذہبی آزادی کے فروغ بارے یورپی یونین کے خصو صی نمائند ے جان فیگل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو انسانی حقوق کے وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ اور وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق تمام اقلیتوں اور مختلف مکتبہ فکر کے افراد کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے اور وزارت انسانی حقوق پر عملدرآمد کےلئے پرعزم ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے انسانی حقوق بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے ملک کا لازمی حصہ ہیں اور ان کی عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ میں نمائندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور ہر غیر مسلم شہری بھی اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے اور عبادت کرنے میں آزاد ہے۔ یورپی یونین کے نمائندہ جان فیگل نے اس موقع پر وزارت انسانی حقوق کی کوششوں کو سراہا۔



