لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے سینکڑوں افراد لاپتہ , متعدد افراد ہلاک

لاؤس کے ریاستی میڈیا کے مطابق ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے سینکڑوں افراد لاپتہ اور متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

لاؤ نیوز ایجنسی کے مطابق اتاپیو صوبے میں پیر کو رات گئے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم ٹوٹنے سے سیلابی ریلے سے چھ دیہاتوں میں تباہی پھیلی ہے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق چھ ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اپنے مکانات کی چھتوں پر موجود ہیں اور کشتیاں لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہی ہیں۔

یوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’اس سانحے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سینکڑوں لاپتہ ہیں۔‘

ابھی تک ڈیم کے ٹوٹنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔ اس ڈیم کی تعمیر 2013 میں شروع ہوئی تھی اور رواں سال اس سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہونا تھا۔

اس پراجیکٹ میں شامل جنوبی کوریا کی کمپنی ایس کے انجینیئرنگ اینڈ کنسٹرکشن نے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے انخلا میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

لاؤس کے وزیر اعظم نے سرکاری مصروفیات ملتوی کر دی ہیں اور متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔

مقامی حکام نے سرکاری اور دیگر تنظیموں سے کپڑے، خوراک، پینے کے پانی اور ادویات کی اپیل کی ہے۔