اسلام آباد (نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و ریجنل صدر اسلام آباد عامر مغل نے ملک بھر کے نوجوانوں، خصوصاً انصاف یوتھ ونگ اور ISF سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا سے آگے بڑھیں، پرامن مزاحمت کا جھنڈا اٹھائیں اور میدان میں نکل آئیں کیونکہ صرف نوجوان ہی عمران خان کو جیل سے رہا کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگرصرف 25 لاکھ نوجوان اسلام آباد آ جائیں تو فسطائیت ختم اور عمران خان کی رہائی یقینی ہے.حضرت عمر نے 22 لاکھ مربع میل فتح کرکے استثنی نہیں مانگا یہاں کشمیر کا ایک انچ آزاد کروائے بغیر استثنی لیاجارہاہے
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال جیسے انقلاب صرف نوجوانوں اور Gen-Z نے کیے۔ پاکستان کے 65 فیصد یعنی 12 کروڑ نوجوان ایٹم بم سے بڑی طاقت ہیں۔ آئین شکن اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ اشرافیہ کی ناجائز پارٹنرشپ کو صرف نوجوان ہی توڑ سکتے ہیں، اسی لیے 73 سالہ بوڑھا شیر قید تنہائ زندان میں ذہنی و جسمانی تشدد برداشت کر رہا ہے۔
ایک طرف قومی خزانہ لوٹا جا رہا ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور نشہ بڑھ رہا ہے؛ دوسری طرف ناجائز حکومت بندوق کی نوک پر تاحیات استثنیٰ جیسا غیر اسلامی و غیر جمہوری قانون پاس کر رہی ہے۔ سیدنا عمرؓ نے 22 لاکھ مربع میل فتح کر کے بھی استثنیٰ نہ مانگا، مگر یہاں اربوں کھربوں کا بجٹ لے کر کشمیر کا ایک انچ بھی آزاد نہ کروا سکے، پھر بھی تاحیات استثنیٰ لے رہے ہیں۔
اگر 25 کروڑ کی آبادی سے صرف ایک فیصد یعنی 25 لاکھ نوجوان پرامن طور پر اسلام آباد آ کر ڈٹ جائیں تو فسطائی نظام ختم ہو جائے گا اور اڈیالہ جیل کا مرکزی دروازہ عمران خان کے سامنے کھل جائے گا۔ وہ چھوٹے دروازے سے سر جھکا کر نہیں، بلکہ بڑے دروازے سے سر اٹھا کر باہر آئیں گے۔
اپنے اوپر 60 سے زائد جھوٹے مقدمات (قتل، دہشت گردی، بغاوت سمیت)، ڈیڑھ سال سے گھر نہ جانے، ماں کے جنازے میں بھی شریک نہ ہونے کے باوجود عامر مغل نے کہا: میرا ضمیر مجھے اجازت نہیں دیتا کہ میرا بے گناہ لیڈر قید ہو اور میں ہمت ہار جاؤں۔ عمران خان کی بہنیں جیل کے باہر اکیلی ہوں تو عامر مغل کا وہاں نہ ہونا انتہائ شرم کا مقام ہے۔ میں اغوا ہو جاؤں یا جیل چلا جاؤں،یا قتل کر دیا جاؤں آخری سانس تک عمران خان اور ان کی فیملی کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔
26 نومبر کے قتل عام کی برسی پر شدید خطرات کے باوجود ڈی چوک میں شہید انیس شہزاد ستی کی جائے شہادت پر PTI پاکستان کے واحد لیڈر کے طور پر حاضری کی وجہ بتاتے ہوئے عامرمغل نےکہا: شہداء کے لواحقین کو یہ پیغام دینا تھا کہ پارٹی ان کے پیاروں کی قربانیاں نہیں بھولی۔اور ان کےساتھ کھڑی ہے.
عامرمغل نے مزید کہا کہ میں 19 جون 2023 کو زمان پارک میں عمران خان سے کیا گیا وعدہ آج نبھا رہا ہوں کہ دنیا میں آخری شخص جو ساتھ چھوڑے گا، وہ عامر مغل ہو گا۔
عامر مغل نے کہا کہ میرا نوجوانوں کو پیغام ہے اٹھو، ڈٹو، تاریخ بدل دو۔ موجودہ قابض ٹولہ تمہارے مستقبل کا قاتل ہے، یہ صرف مریم نواز اور بلاول کے مستقبل کا سوچتا ہے۔ اب فیصلہ تمہارا—حقیقی آزادی یا ہمیشہ کی غلامی۔


