وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد کی ملاقات

پاک امریکہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال
مستقبل میں ہر سطح پر پاک امریکہ تعاون مضبوط بنانے کے لیے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ
‎بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی جدید سافٹ ویئر کے ذریعے کی جائے گی، محسن نقوی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ سکیورٹی تعاون و بارڈر مینجمنٹ کے ضمن میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔امریکی اداروں اینٹی ٹیررسٹ اسسٹنٹس پروگرام اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ کے ساتھ جاری تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ مستقبل میں ہر سطح پر پاک امریکہ تعاون مضبوط بنانے کے لیے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‎بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی جدید سافٹ ویئر کے ذریعے کی جائے گی۔ ملاقات میں ‎ایف آئی اے۔ فیڈرل کانسٹیبلری اور سائبر کرائم ایجنسی کے افسران کے لئے ٹریننگ پروگرامز پر گفتگو کی گئی اور امریکہ کے تعاون سے ایف آئی اے میں سنٹر فار ٹرانسفارمیشن کرائم اور اکیڈمی کے قیام کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بارڈر سیکیورٹی۔کوسٹل گارڈز اور دیگر اداروں کو جدید امریکی آلات سے لیس کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جدید آلات سے بارڈر سیکیورٹی اور کوسٹل گارڈز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔‎فیڈرل کانسٹیبلری کی تنظیم نو۔ایف آئی اے اور این سی سی آئی اےکی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔‎ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کو فعال کرنے کے لیے امریکی معاونت بہت فائدہ مند ثابت ہو گی اور یہ وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیررسٹ ونگ ہوگا جو صوبوں کے ساتھ موثر کوارڈینیشن رکھے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ این سی سی آئی اے ملک بھر میں غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کررہی ہے۔‎مالیاتی فراڈ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام کیلئے جدید سافٹ ویئر وقت کی ضرورت ہے اور ‎اس ضمن میں امریکہ کا این سی سی آئی اے کے ساتھ اشتراک کار انتہائی ضروری ہے۔.محسن نقوی نے پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔امریکی وفد نے سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط بڑھانے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔قائم مقام امریکی سفیر نے وزارت داخلہ اور امریکی اداروں کے درمیان مختلف سطح پر جاری تعاون کو سراہا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اشتراک بڑھانے کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ۔ ڈی جی ایف آئی اے۔ کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ۔ ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی۔ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن۔ آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔