غیر قانونی تجاوزات کے نام پر جدی مالکان کے مکانات کے خلاف آپریشن نامنظور


ملپور کے عوام سی ڈی اے کی زیادتیوں کے خلاف سڑکوں‌ پر نکل آئے ،پرامن احتجاج

اسلام آباد:اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے نام پر جاری جدی مالکان کے مکانات کے آپریشن کے خلاف متاثرین الائنس اسلام آباد نےملپور تھرڈ ایوینیو میں پُرامن احتجاج کیا۔ احتجاج میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے جائز اور قانونی حقوق کے حق میں آواز بلند کی۔
اس موقع پر نیئر حسین بخاری اور سید سبط الحیدر بخاری صاحب نے خصوصی شرکت کی اور متاثرین سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ سید نیئر حسین بخاری صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر نوٹس اور سماعت کے کی جانے والی کارروائیاں آئینِ پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے عوام کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے سنیں اور فوری حل نکالیں۔
مظاہرین نےمطالبہ کیا کہ
سی ڈی اے بلاجواز اور یکطرفہ آپریشن فوری طور پر بند کرے
متاثرین کو جاری کیے گئے غیر قانونی نوٹسز واپس لیے جائیں
متاثرین کے مسائل کا حل شفاف، منصفانہ اور باہمی گفت و شنید کے ذریعے نکالا جائے
احتجاج کے دوران ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اپنے بورڈ کے فیصلوں کے مطابق ماڈل ویلجز قائم کرے اور متاثرہ افراد کو ماڈل ویلج میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
مزید یہ کہ لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت ایوارڈ کیے جانے والے سیکٹرز میں 2008 کے گوگل اسپارکو ڈیٹا کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ:
گوگل اسپارکو 2008 کی بنیاد پر کیے گئے تمام ایوارڈز منسوخ کیے جائیں
مالکان کے ساتھ بیٹھ کر 2026 کے مطابق موجودہ مارکیٹ ریٹ پر معاوضہ مقرر کیا جائے
مینوئل سروے کے ذریعے BUP کی ایوارڈ کی جائے
متاثرین کو ان کے جائز حق کے مطابق پلاٹس الاٹ کیے جائیں
احتجاج پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسلام آباد کے شہری اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرامن اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔