رائو عبدالکریم نئے آئی جی پنجاب مقررعہدے کا چارج سنبھال لیا


راولپنڈی (نیوزرپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو تبدیل کردیا گیا ہے ڈاکٹر عثمان انور کی جگہ رائو عبدالکریم کو پنجاب کا نیا انسپکٹر جنرل بنادیا گیا ہے۔ جنہوں نے پنجاب پولیس کی کمان سنبھال لی ہے۔ ، آئی جی پنجاب رائو عبدالکریم کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر سینئر پولیس افسران نے آئی جی پنجاب کو خوش آمدید کہا، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب را ئوعبدالکریم کو سلامی پیش کی، پولیس شہدا کی یادگار پر حاضری، ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ نئے آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد آئی جی پنجاب را ئوعبدالکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو اپنی پالیسی ترجیحات بارے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جاری منصوبوں کو تیزی سے مکمل اورموثر بنایا جائے گا، عوام کا تحفظ اور بے لوث خدمت، زیرو ٹالرینس اور شفاف احتساب میری اولین ترجیحات ہیںا نہوں نے جدید، آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ اور جرائم کے خلاف مثر حکمت عملی پر عملدرآمدکے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ایمانداری سے کام کرئے گا وہی ٹیم کا حصہ رہے گا، پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر کیاجائیگا، شہریوں میں احساسِ تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے پبلک آرڈر ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔