اریج فاطمہ کی اپنی پہلی طلاق پر پہلی لب کشائی

رخصتی نہیں ہوئی تھی نکاح کے ایک ماہ بعد ہی رشتہ ختم ہوگیا
اداکارہ نے اپنی دوسری شادی سے متعلق تفصیلات بھی شائقین سے شئیر کیں
دوبارہ اداکاری کے سوال پر کہا ضرور کروں گی لیکن اداکاری کے لیے حجاب کو نہیں چھوڑوں گی

اسلام آباد: پاکستان کی معروف سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے اپنی پہلی طلاق سے متعلق تفصیلات شیئر کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی سابقہ اداکارہ و ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر اریج فاطمہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جو ان کے آبائی علاقے اوہائیو (امریکی ریاست) میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔دورانِ انٹرویو انہوں نے پہلی بار اپنی طلاق پر لب کشائی کی اور اپنی دوسری شادی سے متعلق بھی تفصیلات بیان کیں۔
اپنے پہلے نکاح کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اریج فاطمہ نے کہا کہ میں کسی کی غیر موجودگی میں بات نہیں کرتی، لیکن چونکہ آپ نے پوچھا ہے تو اتنا بتا سکتی ہوں کہ میری رخصتی نہیں ہوئی تھی صرف نکاح ہوا تھا وہ بھی گھر کے بزرگوں کی مرضی سے طے پایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے سابقہ شوہر کے بزرگ میرے دادا کے جاننے والے تھے اور پاکستان میں ہمارے براہِ راست روابط نہیں تھے، اس لیے مکمل تحقیق ممکن نہیں ہو سکی، منگنی ہوئی اور اگلے ہی دن نکاح ہو گیا، تاہم ایک ماہ بعد یہ رشتہ ختم ہو گیا تھا، میری رخصتی نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں سابقہ شوہر کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں، اللہ انہیں خوش رکھے، میں نے اس بارے میں کبھی کچھ شیئر نہیں کیا، البتہ انٹرنیٹ پر مختلف باتیں گردش کرتی رہیں، میری شادی جنوری 2014 میں ہوئی تھی اور فروری یا مارچ میں ختم ہو گئی تھی، اس وقت میری عمر 24 برس تھی۔
دوسری شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اریج فاطمہ نے بتایا کہ پہلی طلاق کے 3 سال بعد میری دوسری شادی ہوئی، عزیر کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ مجھے جانتے بھی نہیں تھے، وہ کافی ریزرو طبیعت کے انسان ہیں، بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میری اپنے شوہر سے ملاقات اتفاقیہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یونیورسٹی میں ایک ہم نام شخص سے ملنا تھا، اس لیے میں نے انہیں پیغام بھیجا، وہ سوشل میڈیا پر میری کزن کی فرینڈ لسٹ میں بھی موجود تھے، تو ہماری بات شروع ہو گئی۔ان کا کہنا ہے کہ عزیر نے کبھی مجھے باقاعدہ پروپوز نہیں کیا، بس یہ پوچھا کہ اگر کوئی کسی کو پسند کرے تو کیا طریقہ کار ہے؟ جس پر میں نے کہا کہ والدین کو گھر بھیجنا چاہیے، میں نے بھی ایک دیسی خاتون کی طرح انہیں قائل کیا اور یوں ہماری شادی ہو گئی۔
دوبارہ اداکاری شروع کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں دیگر اسلامی ممالک کی طرح خواتین کو حجاب میں دکھایا جائے تو ضرور کروں گی لیکن اداکاری کے لیے حجاب کو نہیں چھوڑوں گی۔
اریج فاطمہ نے 2019 میں ڈرامہ سیریل حسد کی کامیابی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ان کا پہلا نکاح 2014 میں بزنس مین فراز خان سے ہوا تھا جو جلد ہی ختم ہو گیا تھا۔
انہوں نے 2017 میں کینیڈین ڈاکٹر عزیر علی سے شادی کی اور اب 2 بیٹوں عیسی اور یحیی کی والدہ ہیں۔وہ امریکی ریاست اوہائیو میں مقیم ہیں اور 1.6 ملین انسٹاگرام فالوورز کے ساتھ ایک معروف ڈیجیٹل کری ایٹر بھی ہیں۔