سری لنکن ائر لائن کا پاکستان کیلئے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

ابتدائی مرحلے میں کولمبو اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلیں گی آغاز یکم اپریل سے ہوگا

لاہور(کامرس رپورٹر)سری لنکا جانے والے مسافروں کے لئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے ۔یکم اپریل سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز ہورہا ہے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کے ایوی ایشن شعبے پر غیرملکی ایئرلائنز کا اعتماد بڑھنے لگا ہے اور ایک اور بین الاقوامی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا کی ایئرلائن فٹز ائیر نے یکم اپریل سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، ابتدائی مرحلے میں ایئرلائن کولمبو اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی۔
حکام کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فٹز ایئر کو پاکستان میں فضائی آپریشن کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے، جبکہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ سلاٹس بھی الاٹ کر دیے گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق نئی ایئرلائن کی آمد سے نہ صرف مسافروں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جو ایوی ایشن شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
ایئرلائن بدھ اور ہفتہ کے روز پروازیں آپریٹ کرے گی اور اس کے لیے ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔