پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود کفایت شعاری مہم جاری رہے گی

حکومت نے ملک میں‌جاری کفایت شعاری مہم میں 30 جون 2026 تک توسیع کردی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود ملک میں جاری کفایت شعاری مہم جاری رہے گی جس میں‌ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے 30 جون تک توسیع کر دی ہے.
حکومتِ پاکستان نے ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی مدت میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے کمیٹی برائے مانیٹرنگ و نفاذِ ایندھن بچت و کفایت شعاری اقدامات کی سفارشات کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا۔
نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے 50 فیصد ایندھن کی فراہمی میں کمی برقرار رہے گی۔60 فیصد سرکاری گاڑیاں استعمال سے باہر (Grounded) رکھی جائیں گی۔
غیر ملکی دوروں اور سرکاری سفری اخراجات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، تاہم پہلے سے دی گئی مخصوص استثنائی شقیں قابلِ عمل رہیں گی۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق دیگر تمام اضافی کفایت شعاری اور ایندھن بچت اقدامات بھی اپنی مقررہ مدت تک نافذ العمل رہیں گے، جبکہ جن اقدامات کے لیے کوئی اختتامی تاریخ مقرر نہیں کی گئی وہ آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔