امجد حسین نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں‌ کا مشکور ہوںگلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنائیں گے،امجد حسین

گلگت بلتستان (نمائندہ سی پیک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائ امجد حسین آزر نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے. پیر کو گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے امجد حسین ایڈووکیٹ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف لیا۔ ان کی تقریب حلف برداری میں میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر امیر مقام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا 7 جون 2026 کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری، الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کا بڑا اہم کردار ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیکر بڑی ذمہ داریاں دی ہیں۔انہوں نے کہا ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا، مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ ہونے کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا۔ان کا کہنا تھا میں اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ جس نے بھرپور اعتماد کیا، مسلم لیگ ن کی قیادت کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔
امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا ہمارے پاس جو موسم ہے وہ شاید دنیا میں کسی کے پاس بھی نہ ہو، ہمیں یہاں دنیا کے لیے زمینی اور ہوائی سفر کی سہولیات دینی ہوں گی، ہم تمام سیکٹرز میں ریفارم کریں گے،گلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنائیں گے، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
امجد حسین اس سے قبل سابق اسمبلی میں بحثیت قائد حزب اختلاف خدمات سرانجام دے رہے تھے.