فیفا ورلڈ کپ،فائنل فور کا فیصلہ ہوگیا

فرانس ، سپین ، انگلینڈ اور ارجنٹینا ورلڈ‌ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے
سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی چار میں‌ سے تین ٹیموں کا تعلق یورپ سے ہے
پہلا سیمی فائنل کھیلنے والے یورپ کے دو ممالک فرانس اور سپین باہم پڑوسی بھی ہیں
فیفا ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل دفاعی چمپئین ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان ہو گا

واشنگٹن:امریکہ کینیڈا اور میکسیکو میں‌کھیلا جانے والے فیفا ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور ٹاپ کی چار ٹیموں‌کا فیصلہ ہو گیا ہے. سیمی فائنل میں‌ پہنچنے والی چار ٹیموں میں‌ فرانس ، سپین ، انگلینڈ اور ارجنٹینا شامل ہیں.فائنل فور میں‌جگہ بنانے والی چار میں‌ سے تین ٹیموں‌کا تعلق یورپ سے ہے.
رات کینساس میں‌کھیلے جانے والے ایک میچ میں‌سوئٹزرلینڈ کو شکست دیکر دفاع چیمپئن ارجنٹینا سیمی فائنل میں پہنچا .فٹبال ورلڈکپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں پہلا گول ارجنٹینا کی جانب سے 10ویں منٹ میں میک الیسٹر نے اسکور کیا جسے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے ڈوئے نے 67ویں منٹ میں گول کر کے برابر کر دیا۔مقررہ وقت میں کوارٹر فائنل 1۔1 گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے آدھے گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا۔اضافی وقت میں ارجنٹینا نے سوئٹزلینڈ کے خلاف دوسرا گول اسکور کیا، ارجنٹینا کی جانب سے گول اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں الواریز نے کیا جبکہ کھیل کے آخری لمحات نے ارجنٹینا نے تیسرا گول اسکور کر کے سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنادی، سیمی فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
ریفری نے سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی ایمبولو کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردیا، ایمبولونے یہ ظاہر کیا کہ اُسے ارجنٹینا کے کھلاڑی نے گرایا ہے، ریفری نے وی اے آر کے ذریعے فاؤل چیک کرنے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی کو گرنے کی اداکاری پر ریڈ کارڈ دکھا کر باہر کر دیا۔
فیفا ورلڈکپ کے تیسرا کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ناروے کو 1-2 سے شکست دیدی۔ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں انگلینڈ چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچا، انگلینڈ نے ناروے کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی۔
انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول بیلنگھم نے اسکور کئے، ناروے کی جانب سے پہلا گول 36 ویں منٹ میں شائلڈراپ نے اسکور کیا تھا ناروےکے ہیگم نے انگلینڈ کیخلاف دوسرا گول 55 ویں منٹ میں اسکور کیا جسے ریفری نے وی اے آر کے ذریعے مسترد کردیا، ریفری کے مطابق کارنر کک پر ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے حریف کھلاڑی پر فاؤل کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی بار1966 میں فٹبال ورلڈ کپ جیتا تھا، انگلش ٹیم دوسری بار 1990 کے فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی جہاں ایونٹ میں اُس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔آخری بارانگلینڈ نے 8 برس قبل یعنی 2018 میں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کیا تھا، یہاں بھی چوتھی پوزیشن رہی۔
ناروے کی ٹیم کا یہ میگا ایونٹ کی تاریخ کو پہلا کوارٹر فائنل تھا، ناروے کی ٹیم نے 28 برس بعد فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا جہاں وہ کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی مگر انگلینڈ نے اسکے بڑھتے پاؤں میامی میں روک دیے۔
قبل ازیں فرانس اور سپین اپنے حریفوں‌ کو شکست دے کر پہلے ہی فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں‌ پہنچ چکے ہیں.