کون فٹبال کا بادشاہ فیصلہ آج ہوگا

دفاعی چمپئین ارجنٹینا اور سابق ورلڈ چمپئین سپین مد مقابل ہوں‌گے
فیفا ورلڈ کپ کا فائنل اتوار اور پیر کی درمیانی رات نیویارک میں‌ کھیلا جائے گا
ورلڈ کپ فاتحین کو ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی بار قیمتی انگوٹھیاں بھی ملیں گی

نیویارک:اگلے چار سال کے لئے فیفا ورلڈ کپ کا بادشاہ کون ہوگا اس کا فیصلہ آج اتوار کو ہو جائے گا.آج نیویارک میں‌ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میں‌ دفاعی چمپئین ارجنٹینا اور سابق ورلڈ چمپئین سپین مد مقابل ہوں‌ گے .پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 12 بجے شروع ہوگا.
فیفا کا ورلڈکپ کے فاتحین کو ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی بار قیمتی انگوٹھی بھی دینے کا اعلان
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کے فاتح کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز (انگوٹھیاں) بھی پیش کی جائیں گی۔
فیفا کے مطابق یہ کسی بھی فیفا مقابلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ فاتح ٹیم کو امریکی کھیلوں کی معروف روایت کے مطابق خصوصی چیمپئن شپ رنگز دی جائیں گی جبکہ ورلڈ کپ کی مناسبت سے تیار کردہ ان رنگز کی مجموعی تعداد 2026 ہوگی۔ فیفا کا کہنا ہے کہ ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی 1996 رنگزدنیا بھر کے شائقین کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔
فیفا کے مطابق ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن ہوگا جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ہر رنگ منفرد نمبر، سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی اور متعلقہ کھلاڑی کے مطابق خصوصی سائز کے ساتھ تیار کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فائنل کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز دی جائیں گی جبکہ فاتح ٹیم کے لیے تیار کی جانے والی تمام 30 مستقل رنگز بعد ازاں تمام نکات مکمل کر کے ایک خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جارہا ہے