ایرانی سفیر کا دورہ سی ڈی اے،سڑک کا نام ایران ایونیو رکھنے پر اظہار تشکر


ایرانی سفیر کی جانب سے اسلام آباد کی خوبصورتی اور مہمان نوازی کی تعریف

اسلام آباد:چیئرمین سی ڈی محمد علی رندھاوا سے ایرانی سفیر رضا امیری نے ملاقات کی. چیئرمین سی ڈی اے نے 31 اکتوبر کو منائے جانے والے شہروں کے عالمی دن (ورلڈ سٹی ڈے) کے موقع پر ایرانی سفیر کے دورے کا شکریہ ادا کیا.
ایرانی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد خوبصورتی، باقاعدہ منصوبہ بندی اور مہمان نوازی کے لئے معروف ہے. انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافت میں یگانگت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے نام سے منسوب کئی سڑکیں منسوب ہیں. ایرانی سفیر نے اسلام آباد میں ایک شاہراہ کو "ایران ایونیو” کا نام دینے کی تعریف کی. انہوں نے تہران کے بنیادی انفراسٹرکچر اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کے حوالے سے آگاہ کیا.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کی ترقی میں سی ڈی اے کے کردار کو اجاگر کیا. انہوں نے ایرانی سفیر کو شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا. انہوں نے سی ڈی اے اور تہران کی بلدیات کے درمیان تعاون کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بنیادی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر دونوں طرف سے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔