قازان گلوبل یوتھ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی، ماحولیاتی چیلنجز پر ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

اسلام آباد (نیوزرپورٹر)قازان گلوبل یوتھ سمٹ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی او آئی سی کامسٹیک کی پروگرام آفیسر جبینہ فواد کی ٹیم نے آئیسیسکو کے زیر اہتمام نئے اور تخلیقی خیالات کے بین الاقوامی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
مقابلے میں 100 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی، جنہوں نے مختلف عالمی مسائل کے حل کے لیے اپنے نئے خیالات تیار کرکے جیوری کے سامنے پیش کیے۔ فاتح ٹیم میں پاکستان، ملائیشیا، ترکیہ، الجزائر اور روس کے پانچ نوجوان شامل تھے۔
ٹیم نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنا نیا تصور پیش کیا، جسے مقابلے میں پہلی پوزیشن دی گئی۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جبینہ فواد اور ان کے ساتھیوں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت، ٹیم ورک اور تخلیقی سوچ کو سراہا۔