ٹیسلا نے اڑنے والی گاڑی متعارف کروا دی

دو نشستوں والی اس گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کی جائے گی

واشنگٹن(ویب ڈیسک )امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے راکٹ طرز کے تھرسٹرز سے لیس نئی اڑنے والی کار متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ٹیسلا نے نئی 2 نشستوں والی سفید رنگ کی اسپورٹس کار پیش کی جسے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ تقریب کے دوران گاڑی نے سکشن سسٹم کی مدد سے ایک ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں گھومنے اور نصب شدہ تھرسٹرز کی مدد سے لینڈ کرنے کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں گاڑی نے تھرسٹرز استعمال کرتے ہوئے ایک ٹرک اور دیگر گاڑیوں کے اوپر سے چھلانگ بھی لگائی،اس مظاہرے نے شائقین اور سرمایہ کاروں کو حیران کردیا۔ ٹیسلا کے مداح اور سرمایہ کار ساویر میرٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسے اپنی دیکھی ہوئی مصنوعات کی سب سے غیر معمولی نمائش قرار دیا۔ ٹیسلا کے گاڑیوں کی انجینئرنگ کے سربراہ لارز موراوی کے مطابق نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 97 کلومیٹر فی گھنٹہ، کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوسکتی ہے، جبکہ ایک مرتبہ چارج کرنے پر یہ 300 میل، یعنی تقریباً 480 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرسکتی ہے۔
مارننگ اسٹار کے تجزیہ کار سیٹھ گولڈسٹین کے مطابق روڈسٹر ٹیسلا کی نئی فلیگ شپ کار ہوگی، جو کمپنی کی بہترین انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرے گی۔ ٹیسلا نے دوسری نسل کی روڈسٹر کا پروٹوٹائپ پہلی مرتبہ 2017 میں پیش کیا تھا اور اس وقت 2020 میں گاڑیوں کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم منصوبے میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔ اصل روڈسٹر 2008 میں متعارف کرائی گئی تھی اور 2012 تک فروخت ہوتی رہی۔ یہ ٹیسلا کی پہلی الیکٹرک گاڑی تھی، جس میں لوٹس ایلیس کا چیسس استعمال کیا گیا تھا۔ ٹیسلا 21 اکتوبر کو اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی توجہ نئی گاڑی کے مظاہرے کے بجائے کمپنی کے منافع، مارجن اور نقد بہاؤ کے اعداد و شمار پر زیادہ رہے گی۔