دنیا کرکٹکا ریکارڈ ساز اور ناقابل فراموش میچ سری لنکا نے 430 رنز کا حدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی
انگلش کپتان کی ڈبل سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی بروک کے چھکے سری لنکا کے چھکے نہ چھڑا سکے
سری لنکا نے انگلینڈ کا 430 رنز کا ہدف عبور کرلیا، ون ڈے کی تاریخ کا دوسرا بڑا کامیاب حدف حاصل کیا
*راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)* پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ مقابلے میں سری لنکا نے 430 رنز کا مشکل ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا کامیاب رن چیز ہے، جبکہ انگلینڈ کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کے باوجود ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ انگلش کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے انگلش بلے باز بن گئے، جبکہ 114 گیندوں پر 200 رنز مکمل کرکے انہوں نے ون ڈے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز بنائے، جبکہ ول جیکس نے صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 66 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ جیکس نے 8 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ ہیری بروک اور ول جیکس کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 185 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم ہوئی۔ انگلینڈ نے آخری 10 اوورز میں 156 رنز بنائے اور پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل کا اپنا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ انگلش اننگز میں مجموعی طور پر 48 چوکے اور 13 چھکے لگائے گئے۔
430 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدا مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم نے 24 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ کامندو مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان کوشل مینڈس بغیر کوئی گیند کھیلے رن آؤٹ ہوگئے۔ اس مشکل صورت حال میں اویشکا فرنینڈو اور پون رتھنائیکے نے تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو مقابلے میں واپس لے آئے۔ اویشکا فرنینڈو 83 گیندوں پر 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کی اننگز نے ہدف کے تعاقب کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
پون رتھنائیکے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 106 گیندوں پر 130 رنز بنائے، جس میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کے بعد داسن شناکا نے انگلش باؤلرز کے خلاف بھرپور حملہ کیا اور صرف 50 گیندوں پر 97 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے شامل تھے۔ رتھنائیکے اور شناکا کے درمیان 133 رنز کی تیز رفتار شراکت نے میچ کا پانسہ سری لنکا کے حق میں پلٹ دیا۔
داسن شناکا کے آؤٹ ہونے کے بعد مقابلہ دوبارہ دلچسپ ہوگیا، تاہم جنتھ لیانگے نے آخری لمحات میں ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر ناقابلِ شکست 61 رنز بنائے۔ آخری اوور میں سری لنکا کو 8 رنز درکار تھے۔ انگلش باؤلر جوش ٹنگ نے مسلسل دو گیندوں پر دھنیت ویلالاگے اور ایشان مالنگا کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کی امیدیں روشن کردیں، مگر لیانگے نے دباؤ میں ہمت نہ ہاری اور اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگا کر سری لنکا کو تاریخی فتح دلا دی۔ جوش ٹنگ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیم کرن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 859 رنز بنائے، جو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے بلند ترین مجموعی اسکورز میں شامل ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 2006 میں آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 438 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی تھی۔ سری لنکا کی راولپنڈی میں یہ فتح ون ڈے کرکٹ کے یادگار مقابلوں میں شمار ہوگی۔
سہ فریقی سیریز میں انگلینڈ کو اس سے قبل پاکستان کے خلاف بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ سری لنکا نے کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ سیریز کے آئندہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 31 اکتوبر کو شیڈول ہے۔




