عمران میرا جگری دوست اس کی رہائی تک کسی پارٹی میں نہیں جا رہا: چوہدری نثار

موجودہ وزیراعظم شہباز شریف بھی میرے 30 سال پرانے دوست ہیں لیکن جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا
اپنے حلقے کی عوام کی کشتی کا ملاح ہوں اور ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔چکری ہائوس میں‌وفود اور معززین سے گفتگو

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان میرا جگری دوست ہے جو اس وقت جیل میں ہے، اس کی رہائی تک کسی پارٹی میں نہیں جا رہا. ان خیالات کا اظہار انہوں‌نے
چکری ہاؤس میں اپنے حلقے سے آئے ہوئے مختلف وفود اور معززین سے تفصیلی ملاقاتوں‌میں‌کیا۔ اس موقع پر حلقے کے سیاسی امور، بلدیاتی انتخابات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری نثار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا”عمران خان میرا جگری دوست ہے اور اس وقت جیل میں سخت مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کی مشکلات میں آسانی فرمائے۔ اس کی غیر موجودگی میں، اور اس کی رہائی تک میرا کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اگرچہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف بھی میرے 30 سال پرانے دوست ہیں اور اگر میں کسی پارٹی میں جانا چاہوں تو میرے لیے تمام آپشنز کھلے ہیں، مگر میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا۔”
انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ:”میں اپنے حلقے کی عوام کی کشتی کا ملاح ہوں اور ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ میں ایسا فیصلہ کروں گا جس سے آپ کی عزت پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ اگر مجھے عہدوں یا سیٹوں کا لالچ ہوتا تو میرے پاس ماضی میں انتہائی اہم اور بڑے عہدوں کی پیشکشیں موجود تھیں۔ میں نے اپنی ہی پارٹی میں وزاتِ داخلہ سے استعفیٰ دیا لیکن اپنی عزت اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔”
بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے اور کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر پا رہی۔ تاہم، ہم ہر یونین کونسل سے اپنے مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے اور بھرپور تیاری کے ساتھ الیکشن لڑ کر ان شاء اللہ کامیا بی حاصل کریں گے۔
ملاقات کے دوران سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ شاہد محمود سمیت مختلف موضع جات— دھمیال ۔ موہری غزن ۔ چہان ۔ سہال ۔ مجاہد، بگرہ سیداں، چکری، کولیاں حمید، گھیلاں کلاں، گھلری۔ پڑیال، دوھلیال، اور سنگرال—سے آئے ہوئے لوگوں نے چوہدری نثار علی خان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔
حلقے کے عوام نے چوہدری نثار علی خان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یک زبان ہو کر کہا”چوہدری صاحب! آپ جس بھی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کریں گے، حلقے کی عوام آپ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور آپ کا ہر فیصلہ ہمیں دل و جان سے قبول ہے۔ ہمیں آپ کی بے داغ سیاست اور اصولوں پر فخر ہے۔