لاہو:مسلم لیگ (ن) لیگ کے قائد میاں نوازشریف نے پارٹی کو مہنگائی‘بے روزگاری اور دیگر حکومتی پالیسوں کے خلاف عید کے بعد احتجاج کی اجازت دیدی‘ نوازشریف نے احتجاجی لائحہ عمل کیلئے نائب صدرشاہد خاقان عباسی کو اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی‘،شاہد خاقان عباسی مرکزاور اور صوبوں میں پارٹی اجلاس بلائیں گے‘ (ن) پنجاب کے نائب صدر رانا مشہود احمد خان نے عید کے بعد احتجاج کی تصدیق کر دی جبکہ نوازشر یف نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی،حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے وہ کسی صورت قبول نہیں‘ اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کاپڑھ کر پریشا ن ہوتاہوں۔ کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نواز شریف سے پارٹی کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والے رہنماؤں میں مر کزی نائب صدر مر یم نواز ُ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال،خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر، طلال چوہدری، سائرہ افضل تارڑ اور عباس آفریدی شامل تھے ذرائع کے مطابق (ن)لیگ ڈالر کی بڑھتی قیمت، بیروزگاری، ایمنسٹی اسکیم اور مہنگائی کے خلاف عید الفطر کے بعد بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی، نواز شریف نے پارٹی کو احتجاج کی اجازت بھی دے دی ہے تاہم احتجاج کس نوعیت کا ہوگا اس حوالے سے آئندہ ملاقات میں نوازشریف کو بریفنگ دی جائے گی۔ نوازشریف نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے خلاف لائحہ عمل بنائیں، شاہد خاقان عباسی مرکزی اور صوبوں میں پارٹی اجلاس بلائیں گے پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیاجس پر نواز شریف نے جواب میں کہا کہ الحمداللہ ٹھیک ہوں اور روزے بھی اچھے جارہے ہیں نوازشریف نے جیل واپسی پر لاہور کی تاریخی ریلی پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور نئے پارٹی عہدیداران کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو عوام رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عوام پریشان ہیں اور ہمیں عوام کی آواز بننا ہے، اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں، آئی
ایم ایف پیکیج کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا، کسان اس مہنگائی میں پس چکا ہے، پیٹرول،ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایاہے وہ کسی صورت قبول نہیں۔


