پاکستانی عوام کی ضروریات پوری کرنے کیلئے چین پاکستان تعاون سے پاکستان کو کثیر الطرفہ فوائد حاصل ہوں گے
بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت عالمی تعاون کے حصے کے طور پر سی پیک علاقائی تعاون،رابطے اورترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا
اسلام آباد:سی پیک پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پائیدار تبدیلیاں لایا ہے،یہ چین کی مستقل پالیسی ہے کہ عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ممالک کی مدد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔چین اور پاکستان نے نئے دور میں عالمی منظر نامے میں تبدیلی کے باوجود مستقبل کی مساوی برادری بنانے کیلئے اشتراک کیا ہے۔نئے دور میں مستقبل کی مساوی برادری دوطرفہ اعتماد اوردوستی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں چین کے تجویز کردہ شاہراہ ریشم اقتصادی بیلٹ کا پائلٹ پراجیکٹ ہے اور اکیسویں صدی کی شاہراہ ریشم پاکستان کی گوادر بندرگاہ کو مغربی چین کے خودمختار ریجن سنکیانگ کے شہر کاشغر سے ملا رہی ہے۔اپریل میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک میں پہلے صنعتی پارک اور مستقبل کے صنعتی تعاون بارے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ چین اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کئے گئے۔دونوں ہمسایہ ممالک نے زراعت، تعلیم، صحت عامہ، آبی وسائل، پیشہ ورانہ تربیت اور غربت میں کمی کے 27منصوبوں پر دستخط کئے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ضروریات پوری کرنے کیلئے چین پاکستان تعاون سے پاکستان کو کثیر الطرفہ فوائد حاصل ہوں گے،بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت عالمی تعاون کے حصے کے طور پر سی پیک علاقائی تعاون،رابطے اورترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ تیسرے فریق کوبھی سی پیک کے آئندہ مرحلے میں شرکت کی دعوت دی جائیگی۔سی پیک بین الاقوامی و رابطہ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس اپریل میں بیجنگ میں منعقد ہوا تھا جس کا مقصد سی پیک کو علاقائی تعاون،ترقی وخوشحالی کیلئے ایک پلیٹ فارم بنانا تھا۔چین اور پاکستان کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں تعاون ہمیشہ ترجیح رہی ہے۔چین نے گوادر میں پرائمری سکول کیلئے عطیہ دیا ہے اور یہ سکول علاقے کا سب سے بہترین سکول بن چکا ہے جس میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران طلباء کی تعداد150سے بڑھ کر500ہوگئی ہے۔ چین نے گوادر میں ایک میڈیکل سینٹر بنانے میں بھی مدد کی ہے جو مقامی لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے چینی سفیر یاؤ جنگ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ کوئٹہ اور لاہور میں پیشہ ورانہ تربیتی ادارے بھی قائم کئے گئے ہیں تا کہ وہ نوجوانوں کو ملازمت حاصل کرنے میں معاون ہوسکیں۔حالیہ برسوں کے دوران شہری گروپ،تربیتی سکول اور ملک بھر میں مقامی ادارے تعلیم،ثقافت اور کھیلوں کے شعبے میں چین کے ساتھ تبادلہ اور تعاون کر رہے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے نے بہت اچھے نتائج دیے ہیں جس کے باعث پاکستانی عوام کی چینی منصوبوں میں شرکت کا جذبہ روز بروز بڑھ رہا ہے۔



