زیارت میں دو دھماکوں کے دوران خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پہلا دھماکہ پکنک پوائنٹ خرواری بابا کے مقام پر گاڑی میں ہوا، اسسٹنٹ کمشنر زیارت کبیر زرکون کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد ڈی ایچ کیو زیارت منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے سیاح عید گزارنے زیارت آئے تھے، دھماکہ فی الحال سلنڈر دھماکہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسرا دھماکہ زیارت کے علاقے کواس کراس کے قریب ہوا۔ دھماکے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونیوالوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔



