سی پیک کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران پاکستان میں 9.82 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت آئندہ پانچ سال میں 2019-23ء کے دوران پاکستان میں 9.82 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ اس دوران سی پیک کے تحت پاکستان سے تقریباً 6.81ارب ڈالر کی دوسرے ممالک میں منتقلی کا امکان ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کے اعدادو شمار کے مطابق آئندہ مالی سال 2019-20ء کے دوران سی پیک کے تحت 2.78 ارب ڈالر پاکستان آئیں گے اور اسی دوران پاکستان سے 1.01 ارب ڈالر کی منتقلی کا تخمینہ ہے۔ اس طرح مالی سال 2020-21ء کے دوران ڈالرز کی وصولی کا تخمینہ 3.5 ارب ڈالر اور منتقلی کا تخمینہ 1.23 ارب ڈالر ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021-22ء کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت پاکستان میں 2.5 ارب ڈالر لائے جانے کا امکان ہے جبکہ پاکستان سے منصوبہ کے تحت 1.88 ارب ڈالر کی بیرون ملک منتقلی کی جاسکتی ہے۔ مزید برآں مالی سال 2022-23ء کے دوران 1.04 ارب ڈالرز کی وصولی جبکہ 2.69 ارب ڈالرز کی دیگر ممالک منتقلی کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق سی پیک کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں نو مخصوص اقتصادی زونز بنائے جارہے ہیں جس سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور ملک کی معاشی وصنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔