ثاقب نثار کے سابق چیف جسٹس ہوتے ہی ڈیم فنڈ ریزنگ مہم ٹھس ،عوام کی عدم دلچسپی تینوں ایونٹ منسوخ ،نئی تاریخوں کا اعلان بھی نہ ہوسکا

Related image

لندن : فنڈ ریزنگ کمپین سے منسلک مقامی آرگنائزرز کی عدم دلچسپی کے سبب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور وفاقی وزیر کے ساتھ مجوزہ 3 ایونٹ منسوخ کر دیئے گئے، ثاقب نثار 2 ہفتے سے زیادہ دنوں سے لندن میں ہیں اور ایونٹس کا اعلان ان کے اور وفاقی وزیر فیصل واڈا کے مشورے سے کیا گیا تھا، لیکن لوکل چیپٹر اور کمیونٹی گروپس کی عدم دلچسپی کے سبب ایونٹ منسوخ کردئیے گئے، خیال کیا جاتا ہے کہ سابق چیف جسٹس ایونٹس کے آرگنائزرز کی درخواست پر اپنی فیملی کے ساتھ لندن پہنچے تھے۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس نے فنڈ ریزنگ ایونٹس میں شرکت اور کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے اپنی فیملی کے ساتھ لندن کے دورے کاپروگرام بنایا تھا۔لیکن ان کے لندن پہنچنے پرآرگنائزرز نے انھیں بتایا کہ لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ایونٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔آئی ایم پاکستان ورلڈ وائیڈ موومنٹ نے اعلان کیاتھا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے برمنگھم، مانچسٹر اور لندن میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے ساتھ 3 آگہی ڈنرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ اعلان میں بتایا گیا تھا کہ اس حوالے سے 21 جون کو رائل نواب لندن، 23 جون کو رائل نواب مانچسٹر اور 24 جون کو پکاڈلی بینکویٹنگ سوئیٹ برمنگھم میں فنڈز ریزنگ
آگاہی ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔اس حوالے سے تشہیری پوسٹرز میں آئی اے پی ڈبلیو ایم کے بانی اور چئیرمین احمد سعید، سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان سید رضوی اور باکسر عامر خان کی تصاویر بھی شامل تھیں ، رابطہ پر باکسر کی انتظامیہ نے بتایا کہ ان کا نام اور تصویر ان کے علم میں لائے بغیر شائع کی گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آرگنائزر نے دعویٰ کیا ہے کہ اب یہ ایونٹ پندرہ جولائی کو ہوں گے جبکہ دوسرے آگنائزر کے دعویٰ کے مطابق ایونٹ اکتوبر میں ہوں گے۔ کینیڈا نے فنڈ ریزنگ کا اہتمام کرنے والے احمد سید نے تصدیق کی کہ عوام کی عدم دلچسپی اور ٹکٹ نہ خریدنے کے سبب ایونٹ منسوخ کر دئے گئے ہیں اور یہ کہ ٹکٹ ڈیم فنڈ کے لئے نہیں بلکہ ایونٹ کے انتظامی اخراجات پورے کرنے کے لئے تھے۔ہماری غلطی ہے کہ ہم میڈیا کو بروقت اس کی اطلاع نہیں دے سکے۔سابق اٹارنی جنرل سید نئیر رضوی کا کہنا تھا کہ بعض ویزا مسائل اور بعض ناگزیر وجوہات کے باعث پروگرا م کو موخر کیا گیا۔ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پی ٹی آئی یوکے کے رہنما انیل مسرت نے پہلے کے برعکس جب ثاقب نثار حاضر سروس چیف جسٹس تھے وہ فنڈ ریزنگ میں پیش پیش تھے۔ اس دفعہ انہوں نے اس ایونٹ میں کوئی دلچسپی نہ لی انیل مسرت نے اس حوالے سے موقف نہیں دیا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وہ بجٹ سیشن اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے ایونٹس ک لئے وقت نہیں نکال سکے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ