
اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے اعلان پر شیخ رشید کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹرین بند کرنے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی اور وزارتِ خارجہ کرے گی، شیخ رشید یہ فیصلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی جانب سے یہ فیصلہ آنا غلط ہے کیونکہ ریلوے کے وزیر یہ فیصلہ نہیں کر سکتے جبکہ اس معاملہ پر کابینہ میں بھی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا نقصان صرف پنجابیوں اور بھارت کے سکھوں کو ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کرتارپور بارڈرکھول رہے ہیں جس کی وجہ سے پوری دنیا کی سکھ کمیونٹی کا جذباتی تعلق پاکستان کے ساتھ ہے اس لیے سمجھوتہ ایکسپریس کے معاملے کو دیکھنا پڑے گا۔




