فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سمیت شہر بھر کی تاجر تنظیموں کو اپنے ممبران کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اس شہر کی ترقی کیلئے بھی مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے اس شہر کے بزرگ تاجر حاجی غلام محمد مرحوم کے خاندان کی طرف سے ان کے پوتے شیخ عمران محمود کے فیصل آباد چیمبر کا ایگزیکٹو ممبر اور آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کا سنیئر وائس چیئرمین جبکہ محمد عمار سعید کے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا وائس چیئرمین منتخب ہونے پر دیئے جانیوالے ایک خصوصی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عہدے لینے والوں کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنے ووٹروں اور ممبران کے مسائل پر توجہ دیں۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو شہر کی تمام انجمنوں کی ماں قرار دیا اور کہا کہ اس حوالے سے چیمبر کا فرض ہے کہ وہ شہر بھر کی تمام تاجر تنظیموں سے نہ صرف قریبی رابطہ رکھے بلکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات بھی اٹھائے۔ انہوں نے حالیہ انتخابات میں نیشنل گروپ کی کامیابی پر تمام تاجر تنظیموں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ تاجروں کے ساتھ ساتھ اس شہر کے مسائل کے حل پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے سیالکوٹ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصل آباد سے بہت چھوٹا شہر ہے مگر وہاں کے تاجروں نے نہ صرف اپنے شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا بلکہ اپنے خرچے سے سڑکیں ،ٹریننگ انسٹیٹیوٹ ، ڈرائی پورٹ ، ائیر پورٹ اور اپنی ائر لائن بھی قائم کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے ائر پورٹ سے ہفتہ میں 72 پروازیں چل رہی ہیں اور یہ نجی ائر پورٹ صرف ساڑھے تین سالوں میں منافع کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم بھی اس شہر کو ترقی کی صورت میں کچھ نہ کچھ ضرور لوٹائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی تہیہ کر لے تو ہم بھی اس شہر کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری میں اپنے دور صدارت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان سے قبل یہ ادارہ مردہ گھوڑا بن چکا تھا مگر انہوں نے اپنی حکمت عملی سے اسے زمین سے اٹھا کر وہ مقام دلایا جو واقعی اس کا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تاجروں کو بھی ٹریڈ پالیٹکس میں حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ اپنے شہر اور ملک کی ترقی کیلئے بھی کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نئی قیادت کو شہر کی تمام موجودہ اور نئی ایسوسی ایشنوں کو بلا کر ان کے مسئلے حل کرنے چاہیں۔ اس سلسلہ میں فوری طور پرجامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ میاں محمد ادریس نے مزید کہا کہ اگر چہ تاجر پہلے ہی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم انہیں اس سلسلہ میں مزید فعال کر دار ادا کرنا ہوگا۔آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید محمد عاصم شاہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ میاں محمد ادریس نے اپنے دور صدارت میں پہلی بار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس رولز متعارف کرائے۔ ان کے آنے سے قبل فیڈریشن نقصان میں تھی مگر جب وہ اسے چھوڑ کر گئے تو یہی فیڈریشن کروڑوں کے منافع میں تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ ان کی فیملی کو فیصل آباد کی تاریخ میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے والد گرامی حاجی غلام محمد مرحوم نے اپنے کاروباری معاملات میں ہمیشہ ایمانداری اور خلوص کا مظاہرہ کیا جبکہ ٹریڈ پالیٹکس میں بھی انہوں نے نمایاں حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کاروباری صلاحیتوں کی وجہ سے آ ج ان کے خاندان کے تمام افراد اپنے الگ الگ کاروبار کے ساتھ ساتھ مختلف صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنوں میں بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج فیصل آباد کے مختلف کاروباری خاندانوں کی تیسری نسل میدان میں آچکی ہے ۔ دوسری نسل نے اپنے والدین سے بزنس کے حوالے سے جو تجربات حاصل کئے تھے وہ آج تیسری نسل کو منتقل کررہے ہیں۔ تاکہ وہ آنے والے سالوں میں نئے کاروباری چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھتیجے عمران محمود چیمبر اور ایپبوما اور چیمبر جبکہ بیٹے عمار سعید پی ٹی ای اے کیلئے منتخب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ میاں محمد ادریس ان نوجوانوں کی بھر پور سرپرستی کرینگے۔ تاکہ وہ قومی سطح کی ٹریڈ پالیٹکس میں بھی فیصل آباد کا نام روشن کر سکیں۔ اس سے قبل آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کے سبکدوش ہونیوالے سنیئر وائس چیئرمین انجینئر بلال جمیل نے بتایا کہ ان کی ایسوسی ایشن کے کل 380 ممبروں میں سے 180 کا تعلق فیصل آباد سے ہے جبکہ اس کے دفاتر 4 بڑے شہروں میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ممبروں میں 80 فیصد کا تعلق ایس ایم ای سیکٹر سے ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں مختلف محکمے بلاوجہ پریشان کرتے ہیں۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر عمار سعید اور آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سنیئر وائس چیئرمین عمران محمود نے کہا کہ وہ فیصل آباد کی ٹریڈ پالیٹکس میں خدمت کے نئے رجحانات کو متعارف کرائیں گے تاکہ نہ صرف کاروباری مسائل کو فوری طور پر حل کرایا جا سکے بلکہ لوگوں کیلئے بھی زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ تقریب سے میاں جاوید اقبال ، پی ٹی ای اے کے سابق چیئرمین محمد اصغر اور خالد احسان ملک نے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں معروف عالم دین مولانا محمد یوسف انور نے دعا کرائی۔
Related Posts

مولانا فضل الرحمان نے حکومت گرانے کے لئے 27 اکتوبرکو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا
- Rizwan Malik
- October 3, 2019
- 0
جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مار چ کا اعلان کردیا۔ پیپلز پارٹی […]

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیا امریکہ
- Rizwan Malik
- January 25, 2025
- 0
کرنل (ر) مسرت نعیم 78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جو آٹھ سال پہلے امریکہ کے پنتالیسویں صدر منتخب ہوئے تھے- اسی سپر پاور کے سنتالیسویں صدر […]
مری:ٹریفک پولیس کی کاروائی مشکوک گاڑی پکڑی گئی
- Rizwan Malik
- December 31, 2017
- 0
پرائیویٹ گاڑی کو حساس ادارے کی جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی پکڑی گئی گاڑی میں دو مشکوک افراد سوار ہیں،پولیس گاڑی پر احساس ادارے کی […]
