اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بھارت جانے والی ڈاک پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وفاقی حکومت کے زیرانتظام مفاد عامہ کے ادارے پاکستان پوسٹ نے بھارت کے لیے ہر قسم کی ڈاک کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ کی جانب سے یہ اقدام بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ آئینی جارحیت اور نہتے کشمیریوں پر بڑھتے مظالم کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں عائد کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ واہگہ بارڈر کے زمینی راستے ، ریل اور ہوائی راستے سے بھارت کے لیے ڈاک اور سامان کی ترسیل کے حوالے سے ماڈل کسٹمز کلیکٹریٹ کی جانب سے جاری مراسلہ کے بعد کسٹمزحکام نے بھارت جانے والی تمام ڈاک اور پارسل جو پاکستان پوسٹ کے ذریعے بھارت جانا تھے، انہیں روک دیا ہے اور تمام ڈاک پاکستان پوسٹ کو واپس بھجوا دی گئی ہے ۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، پاکستان سے بھارت ڈاک بھیجنے پر پابندی عائد

پاکستان پوسٹ میں شعبہ انٹرنیشنل میل کے ڈائریکٹر حافظ شکیل احمد کا کہنا تھا پاکستان پوسٹ نے یہ فیصلہ بہترین ملکی مفاد میں کیا۔ اس فیصلے پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے تناظر میں متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد عمل میں لایا گیا۔ حافظ شکیل احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ کے تمام علاقائی دفاتر کو اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا کہ تاحکم ثانی غیر معینہ مدت کے لیے پاکستان پوسٹ بھارت کے لیے ہر قسم کی ڈاک کی ترسیل معطل رکھے گا۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنی تجارتی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی تھی جبکہ سفارتی تعلقات بھی محدود کر دئے گئے ہیں۔



