سی پیک اتھارٹی کے قیام سے ملک میں کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو گا اسلام آباد چیمبر

Image result for Islamabad chamber pic
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل اور سینئر نائب صدر رافعت فرید نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتھارٹی کے قیام سے ملک میں سی پیک منصبوں پر کام کا جلد آغاز ہو گا جس سے ملک میں صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور سی پیک اتھارٹی کا قیام اس طرف ایک مثبت پیشرفت ثابت ہو گا۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشرقی و مغربی سرحدوں پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے معیشت کا مضبوط ہونا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری معیشت مزید کمزور ہوئی تو نہ صرف پاکستان کیلئے اندورنی سطح پر مسائل میں اضافہ ہو گا بلکہ بیرونی سطح پر بھی مشکلات بڑھ جائیں گی، ان حالات میں معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ صنعتی شعبہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے لہذا حکومت صنعتی شعبہ کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور اس شعبہ کو پائیدار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک اتھارٹی کے قیام سے ملک میں کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس سے صنعتی شعبہ مضبوط ہو گا اور ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے غربت و بیروزگاری کم ہو گی اور معیشت مشکلات سے نکل کر تیزی سے بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔