یوم دفاع، سیاسی و عسکری قیادت کا کنٹرول لائن کا دورہ افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں ،سیاستدانوں اور سیلبرٹیز نے شہدا کے گھروں کا دورہ کیا

سیاسی، عسکری قیادت کنٹرول لائن پر، اگلے مورچوں پر نوجوانوں اور افسران سے ملاقاتیں، حوصلے کی تعریف، بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم

سیاسی و عسکری قیادت کنٹرول لائن پر،اگلے مورچوں پر جوانوں اور افسران سے ملاقاتیں اور حوصلے کی تعریف کی، وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہےکہ بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں،پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن سلامتی وخودمختاری پرسمجھوتہ بھی نہیں کرینگے،ادھرصدر مملکت عارف علوی کاکہناہےکہ افواج پاکستان ہرقسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلا کر رہیںگے،دوسری جانب یوم دفاع پاکستان کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی وکشمیریوں کی آزادی کیلئے دعائیں کی گئیں، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جبکہ لاہور میں مزار اقبال اورنیول ہیڈ کورٹرز اسلام آباد میں بھی تقریبات ہوئیں،یوم دفاع منانے کیلئے سرکاری دفاتر 3بجے بند کردیے

گئے، ملک بھر میں عوامی ریلیاں نکالی گئیںاور شہدا کے مزاروں پر حاضری و اہل خانہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا،آزاد کشمیر میں بھی یوم دفاع و شہداء منایا گیا ۔تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کا دورہ کیا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے افراد سے بھی ملاقات کی،وزیراعظم عمران خان نے ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی جبکہ انہوں نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دینے پر پاک فوج کو سراہا،وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خود ارادیت دلانے کیلئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہماری توجہ فی الحال فاشسٹ بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر ہے جبکہ ہماری افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے والوں میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویزخٹک اور چیئرمین کشمیر کمیٹی بھی شامل تھے۔وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر ایک پیغام بھی جاری کیا جس میں انکاکہناتھا کہ دنیا کو بتا دیا ہےکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنی سلامتی اور خودمختاری پرسمجھوتہ بھی نہیں کریں گے، قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب اور بھرپور رد عمل دینے کے لیے تیار ہے۔ادھر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا،صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہرقسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے،آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔قبل ازیں یوم دفاعِ پاکستان کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی وکشمیریوں کی آزادی کیلئے دعائیں کی گئیں، 54ویں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستےمیں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں،گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایئرآفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ایئروائس مارشل حامد رشید تھے۔لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں میجر جنرل محمد عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی، اس دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے سے سلامی پیش کی۔یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں ایک تقریب نیول ہیڈ کورٹرز اسلام آباد میں بھی منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے،انہوں نے بھی یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور وطن عزیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثناءوزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول( ایل او سی)کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کیپٹن محمد الحسنین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کیں۔صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں شہید کیپٹن جنید عرفان کے گھر گئے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو اپنے تمام شہدا پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل میں بہادری کی تاریخ رقم کرنے پر نشانِ حیدر کا اعزاز دیا گیا تھا۔یوم دفاع و شہدا کے سلسلے میں میجر طفیل شہید کے مزار پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن بہاول پور میجر جنرل عدنان آصف جاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔فاتح لکشمی پور نشان حیدر میجر محمدطفیل شہید کے مزار واقع چک نمبر 253 ای بی طفیل آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید کے مزار پر تقریب کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن میجر جنرل عدنان کی قیادت میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مزار پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علا قون میں حسب روایات یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا گیا، کوئٹہ میں صبح 21توپوں کی سلامی جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر میں بھی یوم دفاع بھر پور طریقے سے منایا گیا اس موقع پر شہداءکے مزارات پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔مرکزی تقریب میں صدر آزاد کشمیر جی سی او مری اور اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔علاوہ ازیںقوم نےاس بار یوم دفاع و شہداء کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی ” کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرہ کے ساتھ منایا، شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اور شہدا ء کے مزار پر حاضری دی گئی ،وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن3بجے کے بعد بند کردیے گئےتاکہ ملازمین یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائیں اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر جائیں اور شہدا کی یادگار پر حاضری دیں۔مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیں اور سمینار منعقد ہوئے۔یوم دفاع وشہدا پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک فضائیہ کے فلائنگ افسر شہید راشد منہاس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید راشد منہاس کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ مراد علی شاہ شہید راشد منہاس کے گھر پہنچے اور شہیدراشد منہاس کے بھائی اور فیملی کیساتھ وقت گزارا۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ بھی راشد منہاس شہید نشان حیدر کے گھر گئے وزیر داخلہ نے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اعجاز شاہ نے کہا کہ راشد منہاس کی شہادت قوم کیلئے باعث فخر ہے اور قوم ہمیشہ شہدا ء کے جذبے اور قربانی کو یاد رکھے گی ، سندھ کے آئی جی سید کلیم امام اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے یوم دفاع و شہداءکے موقع پر پاک فضائیہ کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختار کے گھر کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ’ مریم کی بہادری کے قصے سن کر بہت اچھا لگا‘۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یوم دفاع تمام پاکستانیوں کے لئے ایک اہم دن ہے۔‘ ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے لائنس نائیک تیمور اسلم کے گھر کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے ملاقات کی ۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سکھر میں رینجرز، پولیس، موٹروے اور ریلوے پولیس کی جانب سے بھی ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔