سی پیک کے مخالفین میں امریکہ، بھارت، عرب امارات، بحرین وغیرہ شامل ہیں،حافظ حسین احمد عمران احمد نیازی نے اپنے امریکہ یاترا سے پہلے سی پیک کو سرد خانے میں ڈال کر ”ٹرمپ“ کی خوشنودی حاصل کی، سی پیک کو فریز کرنے پر”ٹرمپ“ نے پاکستان کو ”ٹریپ“ کرکے ہمیں کشمیر کی ثالثی کی گولی دی جو نہ اگلی جاسکتی ہے اور نہ نگلی۔

کوئٹہ:جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے طوطا چشم حکمران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اس لیے اعلیٰ اعزاز سے نواز رہے ہیں کیوں کہ وہ گوادربلوچستان کے عظیم منصوبہ سی پیک کی بندش اور ناکامی کا سہرا مودی کے سر باندھنا چاہ رہے ہیں۔جے یو آئی چمن کے رہنما مولانا عبدالغنی مرحوم کے صاحبزادے مولانا حافظ محمد یوسف، بی این پی کے مرکزی رہنما سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالروف مینگل، نصیر شاہوانی، ظفر حسین بلوچ،حافظ محمود احمد اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مخالفین امریکہ، بھارت، عرب امارات، بحرین وغیرہ ہیں اور کل بھوشن یادو جیسے کئی پاکستان مخالف عناصر اس میں شریک ہیں، بلوچستان کی ترقی کا ڈھنڈورا پیٹ کر نواز شریف نے گوادر کے عظیم منصوبہ سی پیک کو لاہور میں ”پیک“ کرلیا مگر موجودہ حکمران عمران احمد نیازی نے اپنی امریکہ یاترا سے پہلے سی پیک کو سرد خانے میں ڈال کر ”ٹرمپ“ کی خوشنودی حاصل کی جس پر ”ٹرمپ“ نے پاکستان کو ”ٹریپ“ کرکے ہمیں کشمیر کی ثالثی کی گولی دی جو نہ اگلی جاسکتی ہے اور نہ نگلی۔مودی کو ایوارڈ دینے والے دشمنان پاکستان اور اسلام کا بس چلتا تو یہ ”نریندر مودی نازی“ کے ساتھ عمران احمد نیازی کو یہی ایوارڈ دیتے کیوں کہ متحدہ عرب امارات کے حکمران سمجھتے ہیں کہ گوادر پورٹ کی کامیابی اور سی پیک کی تکمیل کے بعد یو اے ای کی حالت کیا سے کیا ہوگی اس لیے وہ اورامریکہ، بھارت، بحرین وغیرہ سازشوں میں مصروف تھے، اب بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے گوادر بلوچستان کے عظیم تر منصوبہ سی پیک کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کی کوشش کی ہے جس کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔