
نیویارک : ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ امریکی صدر تشویش کا شکار ہیں، 7 سے 10 دنوں میں کشمیر سے کرفیو اٹھا لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی موثر سفارت کاری کے جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے، کشمیر بھی جلد آزاد ہونے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے تاریخی خطاب پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص ساجد تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر اس وقت کشمیر کے معاملے کو لے کر شدید تشویش کا شکار ہیں۔ امریکا نے بھارت کو کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا کہہ دیا ہے۔ امید ہے کہ 7 سے 10 دنوں میں کشمیر سے کرفیو اٹھا لیا جائے گا۔
جبکہ وزیراعظم عمران خان کی مثبت سفارت کاری کے باعث اب یہ بھی امید پیدا ہو گئی ہے کہ انشاء اللہ جلد کشمیر آزاد بھی ہو جائے گا۔
جلد بہت سی اہم چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔ ساجد تارڑ کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک عالمی لیڈر بن کر سامنے آئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ان کا خطاب ہر لحاذ سے تاریخی تھا اور انہوں نے کشمیر اور مسلمانوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔ ساجد تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کا وزیراعظم نریندر مودی وزیراعظم عمران خان کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔عمران خان ایک شاندار شخصیت کے مالک ہیں اور اپنی بات بھرپور انداز میں سمجھانے کا گر جانتے ہیں۔ جبکہ ان کے مقابلے میں مودی کی نا تو کوئی خاص شخصیت ہے، نہ ہی وہ موثر پیغام رسانی کے ماہر ہیں۔ عمران خان نے جس انداز سے کشمیر اور پاکستان سمیت تمام مسلمانوں کا مقدمہ لڑا، اس کیلئے وہ خراج تحسین کے لائق ہیں۔ عمران خان کی ٹیم نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن پھر بھی انہوں نے تن تنہاء بھارت کو چت کر دیا ہے۔




