
اسلام آباد(محمدر ضوان ملک ) منگل کی شام شکرپڑیاں میں یاد گار پاکستان پر برطانوی شاہی جوڑا پنے اعزاز میں منعقدہ خوبصورت تقریب سے لطف اندوز ہوتا رہا جبکہ اسلام آباد کے شہری شکرپڑیاں کے ارد گرد ٹریفک کے اژدھام میں گھنٹوں ذلیل ہوتے رہے۔ شاہی جوڑے کی شکر پڑیاں آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے بڑی تعداد میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار موجو دتھے۔ شاہی جوڑے نے شام کو یادگار پاکستان آنا تھا لیکن سیکورٹی اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد سہ پہر تین بجے ہی یادگار پاکستان کے ارد گرد موجود تھی۔شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر شاہراہ کشمیر کو اچانک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں اور اسلام آباد کے شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے ۔ شہریوںکا کہنا تھا کہ انہیں قبل از وقت ٹریفک کی بندش کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ایک طرف کی ٹریفک چلائی جاسکتی تھی ۔ شاہی جوڑے کو اگر اتنی ہی سیکورٹی کی ضرورت تھی تو انہیں کسی چھوٹے ہیلی کاپٹر میں بھی لایا جاسکتاتھا تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے جام کے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
بشکریہ:نوائےوقت


