
پیرس… پاکستان کے مشہور پینٹر و فنکار اکرم دوست اور فرانس کے فنکار بیٹرائنڈ بیلون کی مشترکہ پینٹنگ کی نمائش پیرس میں اس ماہ کی 19 تا 24 تک جاری رہی۔
معین الحق سفیر پاکستان نے دونوں فنکاروں کی مشترکہ طور پر لگائے جانے والی پینٹنگ نمائش کا دورہ کیا اور دونوں فنکاروں کی حقیقی فنکارانہ صلاحیت کی تعریف کی۔ انہوں نے ان کی پاکستان اور فرانس کی ثقافت اور فنکارانہ اقدار کو مشترکہ طور پر اجاگر کرنے کی جستجوں کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے فنکاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ دونوں فنکاروں کی مشترکہ نمائش سے پاکستان اور فرانس کے شہریوں میں دوستی، پیار اور احترام میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور فرانس کے درمیان فن اور ثقافت کے شعبے میں تعاون حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان کے مشہور پینٹر اکرم دوست جو کہ بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں وہ اس سے قبل بھی فرانس کے فنکار بیٹرائنڈ بلیون کے ساتھ پیرس میں اپنے فن پاروں کی کامیاب نمائش کر چکے ہیں۔




