ا

راولپنڈی (ارسلان صابر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانیکا ٹرمپ نے اپنے حالیہ متنازعہ بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر مسلمان ممالک امریکہ اور یورپ سے مزید امداد چاہتے ہیں تو انہیں اپنی عورتوں کو مذہبی پابندیوں سے مکمل آزاد کرکے اسقاط حمل و ہم جنس پرستی سمیت اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ تمام حقوق دینے ہوں گے۔ ایوانیکا کے اس بیان پر مسلم دنیا میں غم و غصے کی تازہ لہر دوڑ گئی ہے۔راولپنڈی کینٹ میں اس سلسلے میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت مرکزی جمیعت اہلحدیث راولپنڈی کینٹ کے امیر مولانا احسن فاروقی نے کی۔انہوں نے سامعین سے پرجوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوانیکا کا باپ ٹرمپ تو خود ایک مذہبی انتہا پسند اور سفید فام نسل پرست جنونی عیسائی ہے،اس کی بیٹی کس منہ سے مسلم ممالک سے اسلامی قوانین کی منسوخی اور مسلمان عورتوں کے لیے اسقاط حمل اور ہم جنس پرستی جیسی خبیث چیزوں کا مطالبہ کر سکتی ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری حافظ معاویہ رفیق نے کہا کہ آخر کب تک مسلمان یونہی سر جھکائے کفار سے ڈکٹیشن لیتے رہیں گے۔ اب امریکہ کی فرعونیت زوال پذیر ہے اور ہمیں سامراج کو نو مور کہنا ہو گا۔ہماری مسلمان خواتین ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں امریکی حکم پر عریانی اور فحاشی کی دلدل میں نہیں پھینکا جا سکتا۔امریکہ اپنی امداد اپنے پاس ہی رکھے کیونکہ بہت جلد وہ دیوالیہ ہونے والا ہے اور مسلم دنیا امریکہ کی بدحالی کا تماشا دیکھے گی۔ انہوں نے کہا امریکہ اخلاقی طور پر تو دیوالیہ ہو چکا ہے بہت جلد وہ مالی حساب سے بھی دیوالیہ ہو جائے گا۔



