
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طبقہ نواز شریف اور مریم نواز کو سیاسی قید کے طور پر پیش کر رہا ہے اور اپوزیشن کا مقصد صرف اور صرف پیسے دیے بغیر مقدمات سے نکلنا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ساری اپوزیشن کا ایک مقصد ہے کہ وہ قوم کے پیسے دیے بغیر اپنے خلاف درج مقدمات سے نکل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری غلطی ہے کہ ہم طاقتور طبقات کی بلیک میلنگ میں آ جاتے ہیں ورنہ دھرنا دینے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دینا چاہیے کیونکہ مٹھی بھر لوگ جو بندر تماشہ لگا کر بیٹھے ہیں، انہیں مونگ پھلی نہیں بلکہ کچھ اور چاہیے۔



