
ایمسٹرڈیم:ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم میں پہلی بار مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئیں۔ ایمسٹر ڈیم کی بلیو مسجد میں لائوڈ اسپیکر سے اذان دی گئی جس پر اہل علاقہ کی جانب سے مثبت رویے کا اظہار کیا گیا۔مسجد کے منتظمین کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعہ کو مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اذان دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نامعلوم تخریب کاروں نے تاریں کاٹ دی تھیں تاہم آج پہلی بار ایمسٹرڈیم کی کسی مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔مسجد کے ترجمان نورالدین نے میڈیا کو بتایا کہ جب پہلی بار اذان کی آواز گونجی تو بعض لوگ مسجد کے قریب آکر کھڑے ہوگئے اور اذان کی آواز کو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرنے لگے۔ارسولا ین نامی ایک مکین نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اذان سنی ہے جس پر بڑی خوشی ہوئی اور وہ بہت اچھی لگی۔ایمسٹر ڈیم کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں واقع مساجد میں سے صرف 7 فیصد مساجد کے لائوڈ اسپیکر پر اذان دی جاتی ہے اور آج پہلی بار دارالحکومت میں کسی مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔
ہالینڈ دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں پہلی بار اذان کی آواز نے سماں باندھ دیا لوگ اذان کی آواز کو موبائل فونز میں ریکارڈ کرنے دوڑ پڑے



