
پاکستان میں موبائل فون سروسزمہیا کرنے والی ناروے کی کمپنی ٹیلی نارکی بندش سے متعلق ایک اشتہارگرشتہ روز سے سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے اس حوالے سے اپنی آفیشل ویب سائٹ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ پر اس اشتہار کے جعلی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش اشتہارمیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹیلی نار کی موبائل فون سم استعمال کرنے والےصارفین کو اپنے فون کا موجودہ بیلنس جلد استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہےجبکہ ایزی پیسہ استعمال کرنے والے صارفین سے کہا گیا ہے کہ رقم بینک اکاؤنٹ یا کسی اور نیٹ ورک میں منتقل کرلیں۔

جعلی اشتہار میں موبائل فون نمبر تبدیل نہ کرنے کے خواہشمند صارفین کو 10 دسمبر2019 کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیٹ ورک تبدیل کرلیں بصورت دیگر 11 دسمبر سے پاکستان میں ٹیلی نار کی کوئی بھی سروس کام نہیں کرے گی۔
پی ٹی اے نے ایسے کسی بھی فیصلے کی تردید کرتے ہوئے ٹویٹس میں واضح کیا ہے کہ ایک موبائل کمپنی کے حوالے سے واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والا اشتہارجعلی ہے، پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہارجاری نہیں کیا.عوام سے گزارش ہے کہ ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعلی پیغامات مزید پھیلانے سے گریزکریں کیونکہ اس سے متعلقہ کمپنی کے صارفین میں تشویش پھیل سکتی ہے۔
ایسی کسی بھی صورتحال میں حقائق سے مکمل آگاہی کیلئے پی ٹی اے نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ تازہ ترین اور مصدقہ خبروں اور اطلاعات کے لیے ہماری آفیشل ویب سائٹ، ٹوئٹر اورفیس بک پیج چیک کریں۔




