اب کرکٹ ٹیموں کو پاکستان آکر نہ کھیلنے کی وجہ بتانا ہوگی احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد کے بعد

پاکستان کو اب مزید نیوٹرل مقام پر اپنی ہوم سیریز نہیں کھیلنی پڑیں گی اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور محدود اوورز کی ملک میں بتدریج واپسی کے باوجود ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی نہ ہو سکی۔

تاہم سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی میں کردار کیا اور پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی دعوت قبول کر لی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان آنے کے بعد اب دیگر ٹیموں کو وجہ بتانا ہو گی کہ وہ پاکستان میں کیوں نہیں کھیل سکتے۔

انہوں نے خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات منطقی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، لوگوں کا پاکستان کے بارے میں جو تاثر ہے وہ پاکستان کے زمینی حقائق سے بالکل مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا گزشتہ سال، دو سال سے پاکستان کے بارے میں جو تاثر تھا وہ حقیقت سے بالکل مختلف ہے اور اب حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں۔